5G نیٹ ورک کنیکٹیویٹی کو بالکل نئی سطح پر تو لے جائے گا اور ساتھ ساتھ اسمارٹ ٹیک، زیادہ بہتر سروسز اور زیادہ تیزفونز بھی لائے گا۔ لیکن کیا 5G اعلیٰ سیکورٹی اور رازداری کے خطرات کا سبب بھی بن سکتا ہے؟

اگرچہ آپ اکثر سنتے ہوں گے کہ وائرلیس کی اگلی نسل صحت کی دیکھ بھال، ورچوئل رئیلٹی، خود کار گاڑیوں، اور یہاں تک کہ میگا "سمارٹ” شہروں کو فروغ دینے کا وعدہ کرتی ہے، لیکن آپ جو چیز اکثر نہیں سنتے وہ یہ ہے کہ 5G ممکنہ سیکیورٹی، رازداری اور صحت کے خطرات کو کس طرح سنبھال رہا ہے۔

تو آئیے آج کے اس آرٹیکل میں ہم دیکھتے ہیں کہ 5G جہاں زندگی کے مختلف شعبوں میں انقلاب برپا کرے گا وہیں اس کے ساتھ جڑے 5 سب سے اہم خدشات کون سے ہیں۔

1۔ سائبر حملے

5G کی دنیا جتنی زیادہ دلچسپ ہو گی، سائبر سکیورٹی کے حوالے سے اسے اتنے ہی زیادہ منفرد تجربات اور چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔ دنیا بھر میں سائبر کرائمینلز اور ہیکرز اب بھی بہت بڑے پیمانے پر منافع کے لیے صارف کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کریں گے۔

ویب سے منسلک ہزاروں آلات اور 5G کی وجہ سے بہتر تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ، ہیکرز کے پاس بڑے پیمانے پر سکیورٹی کے ماہرین کی نظروں میں آئے بغیر حملہ کرنے والی سطح ہوگی جس سے سکیورٹی سسٹم میں کمزور ترین جگہوں کو تلاش کرنا اور حملہ کرنا آسان ہو جائے گا۔ عالمی سپلائی چینز سے منسلک سمارٹ ڈیوائسسز اور ریموٹ سینسرز کی بڑی مقدار نیٹ ورکس کو سائبر کرمنلز سے بچانے کی پیچیدگی کو بہت زیادہ بڑھا دے گی۔

5G نیٹ ورک اتنی بڑی مقدار میں ڈیٹا create کریں گے جس کی وجہ سے صارف کے رویے میں abnormalities کی نشاندہی کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ مثال کے طور پر 5G کا استعمال خود کار کاروں کو فروغ دے گا اور مختلف مطالعات سے یہ بات سامنے آئی کہ ایک خود کار طریقے سے چلنے والی کار کا ایک دن میں پیدا کیا گیا ڈیٹا 2900 لوگوں کی طرف سے یومیہ پیدا کیے گیے ڈیٹا کے برابر یا اس سے زیادہ ہو گا۔

اس سے بہت زیادہ مقدار میں ڈیٹا کی نگرانی اور حفاظت کرنا پڑے گی۔ اس کا مطلب یہ ہو گا کہ سکیورٹی سسٹمز میں اب بھی باہر سے گُھسنے والوں کے لیے راستہ ہے اور سکیورٹی سسٹم ابھی کمزور ہے۔ ایسی ڈیوائسز جن کی سکیورٹی کو تسخیر کر لیا جاتا ہے، وہ بھی ایک بڑی بینڈوتھ تک رسائی حاصل کر لیں گی اور، ممکنہ میلویئر انفیکشن سے لے کر DDoS حملوں تک، ہیکرز کے تباہی پیدا کرنے کا دائرہ کار تیزی سے بڑھ جائے گا۔

2۔ آتھینٹیکیشن (Authentication)

جہاں 2G, 3G اور 4G انسانوں کے استعمال کے لیے تھے، وہیں 5G "اشیاء” کے لیے ہے۔

ریسرچ کمپنی Gartner نے انکشاف کیا ہے کہ دو تہائی کمپنیز IoT ڈیوائسز کے ساتھ کنیکٹ کرنے کے لیے 5G نیٹ ورک استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

بینکنگ سیکٹر میں، سمارٹ شہروں میں یا ملکوں کے اہم انفراسٹرکچر میں 5G کے وسیع پیمانے پر استعمال کے ساتھ – منتقل کی جانے والی معلومات قابل اعتماد ہونی چاہئیں۔ 5G کے استعمال میں نقصان دہ نیٹ ورک ٹریفک کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے قوانین کا جائزہ لینا شامل ہو سکتا ہے، کیونکہ موجودہ قوانین 5G کے ساتھ آنے والی انتہائی customized ٹریفک کی باریکیوں کو سنبھالنے کے قابل نہیں ہو سکتے ہیں۔

مزید IoT ڈیوائسز متعارف کروانے سے سیکیورٹی کے اعدادوشمار کے لیے انتساب کی پیچیدگیاں بھی پیدا ہوں گی جو پہلے صرف انسانی سبسکرائبرز کو مانیٹر کرتے تھے نہ کہ IoT ڈیوائسز پر مشتمل مشین سبسکرائبرز۔

3۔ صحت کے حوالے سے خدشات

5G نیٹ ورک کے استعمال میں ہائی فریکوئنسی ملی میٹر ریڈیو سگنلز پر تشویش میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ چونکہ بہت سے چھوٹے خلیے لوگوں کے قریب ہوں گے، اس لیے مزید تحقیق اور مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے کہ اس کے انسانوں پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

کچھ معالجین یہ کہتے ہیں کہ 5G چھوٹے خلیوں سے خارج ہونے والی تابکاری ان لوگوں پر نقصان دہ اثرات مرتب کرسکتی ہے جو روزانہ اس تابکاری کا براہ راست سامنہ کرتے ہیں یا اس کے قریب رہتے ہیں جہاں یہ ریڈیو لہریں خارج ہوتی ہیں۔

فریکوئنسی رینج جو کہ 5G استعمال کرتا ہے، 300 GHz تک جا سکتی ہے اور یہ الیکٹرو میگنیٹک سپیکٹرم کی مائیکرو ویو رینج میں ہے، جسے نقصان دہ ریڈیو لہروں کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔

تاہم، ایک اور گروپ بھی ہے جو یہ مانتا ہے کہ اگرچہ 5G سگنلز الیکٹرو میگنیٹک سپیکٹرم کے مائیکرو ویو دائرہ کار میں ہیں، پھر بھی ایک اوون اور چھوٹے سیل کے درمیان بہت فرق ہے۔ چھوٹے خلیے، مائکروویو اوون جو کھانے کو اندر سے گرم کرنے کے لیے زیادہ توانائی استعمال کرتے ہیں، کے برعکس ریڈیو سگنل بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے توانائی کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ ریڈیو لہروں کی مختلف ایپلی کیشنز ہیں اور اس طرح یہ گروپ دعویٰ کرتا ہے کہ خطرے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

دو مختلف آراء کے باوجود، دونوں گروہوں کے پاس 5G کے صحت پر اثرات کے بارے میں کوئی حتمی ثبوت نہیں ہے، جو 5Gنیٹ ورک کے حوالے سے بے چینی کو مزید بڑھاتا ہے۔

5G تابکاری سے متعلق حفاظت کی یقین دہانی اس مفروضے سے منسلک ہے کہ کم تابکاری کی مقدار انسانوں کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، لیکن اس کے پیچھے کوئی ٹھوس بائیو میڈیکل ریسرچ نہیں۔ 5G کے ذریعے خارج ہونے والی ہائی فریکوئنسی لہریں جلد میں صرف چند ملی میٹر تک پہنچتی ہیں اور اس کو زیادہ پریشانی کی بات نہیں سمجھا جا رہا، لیکن ہماری جلد مختلف چیزوں جیسے کہ مدافعتی ردعمل سے منسلک سب سے بڑا عضو ہے۔

لہذا یہ سمجھنے کے لیے عملی ثبوت کی ضرورت ہے کہ ہم 5G نیٹ ورکس کے ساتھ صحیح معنوں میں کیا حاصل کر رہے ہیں۔ صحت کے متعلق 5G سے جڑے خدشات سب سے زیادہ اہم ہیں جس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے ورنہ یہ لوگوں کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ بن جائے گا۔

4۔ ڈیٹا کی خلاف ورزی

5G ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کے ساتھ، نیٹ ورک کو لاحق رازداری کے خطرات پر تشویش میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مزید ڈیٹا اکٹھا کرنا اور بہتر لوکیشن ٹریکنگ کا مطلب ہے چھپانے کے لیے جگہوں کا محدود ہو جانا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ 5G زیادہ درست لوکیشن ٹریکنگ کی صلاحیت فراہم کرتا ہے اور لوگوں کے قریب بہت سے سیل ٹاورز متعارف کروا کر بڑے پیمانے پر اضافی ذاتی ڈیٹا اکٹھا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پچھلے اور موجودہ نیٹ ورک ٹاورز آپ کے قیام کے مقام سے تقریباً ایک میل کے دائرے میں ہیں۔

لیکن نئے ٹاورز بہت چھوٹے علاقے پر محیط ہوں گے، اور چونکہ فونز آپ کے مقام کی شناخت کر سکتے ہیں اس بنیاد پر کہ آپ کس ٹاور سے بات چیت کر رہے ہیں، اس لیے 5G نیٹ ورک کے سیل ٹاور کی قربت آپ کے مقام کو بہت زیادہ درستگی کے ساتھ جاننے کے قابل بنائے گی۔

یہ اور بھی خراب صورتحال بناتی ہے کیونکہ 5G دیواروں میں مناسب طریقے سے داخل نہیں ہوتا ہے لہذا ہوٹلوں، شاپنگ مالز اور دفتری عمارتوں میں بہت سارے انڈور ٹاورز ہوں گے، جس سے صارف کے مقام کی شناخت اور بھی زیادہ درست ہو جائے گی۔

آپ کا مقام آپ کے بارے میں بہت کچھ ظاہر کر سکتا ہے اور انتہائی حساس ہے، جو 5G کی وجہ سے ہونے والی خلاف ورزی کو ایک سنگین خطرہ بنا دیتا ہے۔

5۔ موسمی سیٹیلائٹ کی مداخلت

دنیا بھر کے ماہرین موسمیات کو خدشہ ہے کہ 5G نیٹ ورک ماحول کی تبدیلیوں کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے سیٹلائٹ آلات کے لیے کیسا ہو گا۔ اگلی نسل کا وائرلیس سسٹم قابل اعتماد پیشین گوئیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور طوفانوں کے بارے میں ناقص انتباہات (Warnings) کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کو بالآخر تشویش ہے کہ موسم کے متعلق پیشین گوئی میں اس طرح کی رکاوٹ جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ یہ پریشانی اس حقیقت سے پیدا ہوتی ہے کہ 5G نیٹ ورک ریڈیو فریکوئنسی موسمی سیٹلائٹ کے ذریعے زمین کے اہم مشاہدات میں مداخلت کر سکتی ہے۔

ان سیٹلائٹس سے منسلک آلات ماحول میں متغیرات کا مطالعہ کرتے ہیں جیسے بارش، برف، پانی کے بخارات، برف اور بادل کی تہہ۔ یہ تمام تغیرات موسم کی صورتحال کے حوالے سے ضروری عوامل ہیں۔

ایک عمدہ مثال 23.8 گیگا ہرٹز فریکوئنسی ہے، جس پر پانی کے بخارات سگنل خارج کرتے ہیں اور اس کی پیمائش موسمی سیٹلائٹ کے آلات سے کی جاتی ہے۔ پیشن گوئی کرنے والے پھر تعین کرتے ہیں کہ پیمائش سے حاصل کردہ معلومات کا استعمال کرتے ہوئے موسمی نظام کیسے تیار ہوگا۔

تاہم، مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے کیونکہ بعض 5G نیٹ ورک پانی کے بخارات سے خارج ہونے والی فریکوئنسی سے ملتی جلتی فریکوئنسی پر منتقل ہوتے ہیں اور اس طرح فضا میں پانی کے بخارات کی طرح ایک سگنل بناتے ہیں۔

اس سے دونوں کے درمیان فرق کرنا مشکل یا قریب قریب ناممکن ہو جائے گا اور موصول ہونے والے ڈیٹا کو ضائع کر دیا جائے گا، جو مکمل طور پر درست پیشین گوئی کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مشتمل ہے۔

خلاصہ

5G نیٹ ورک تیز رفتار، زیادہ ڈیٹا اور نفاذ کی بہت سی نئی صلاحیتوں کے ساتھ آتا ہے جو ہمارے رہنے کے انداز کو بدل دے گا لیکن اس کے ساتھ آنے والے خطرات بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں اگلی نسل کے وائرلیس نیٹ ورک کی ضرورت پر شکوک و شبہات پیدا کرتے ہیں۔

سائبر حملوں میں اضافہ، authentication سے متعلقہ چیلنجز اور ماحولیاتی مسائل جیسے خطرات اس کے منفی اثرات پر تشویش کا باعث بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں:

5G انٹرنیٹ کیا ہے؟ جانئے اس کے بارے میں ضروری معلومات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے