"Why do websites crash?” آج کے آرٹیکل میں ہم یہ جانیں گے کہ ویب سائٹ کا کریش ہونا کیا ہوتا ہے اور ایسا کیوں ہوتا ہے، اور اس سے بچنے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے۔

اگر ہم کسی ایسی ویب سائٹ کو کھولنے کی کوشش کریں جو اوپن نہ ہو رہی ہو تو آپ جان سکتے ہیں کہ اس سے user experience کتنا زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ اور جو چیز آپ کے user experience کو متاثر کرتی ہے، وہ ہر چیز کو متاثر کرتی ہے۔ وہ آپ کے بزنس کو، آپ کے ریوینیو کو اور آپ کی سرچ انجن رینکنگ کو بھی متاثر کرتی ہے۔

ہم یہ تو جانتے ہیں کہ ویب سائٹ کا کریش ہونا بہت بری بات ہے۔ لیکن سوچیں کہ ویب سائٹ کریش کیوں ہوتی ہے؟ اور اس صورتحال سے بچنے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے؟

اگر آپ کی ویب سائٹ کریش ہو چکی ہے، تو وقت ضائع مت کریں۔ ذیل میں کچھ وجوہات دی گئی ہیں جن کو جاننے کے بعد آپ اپنی ویب سائٹ کو recover کر سکتے ہیں۔

ویب سائٹ کے کریش ہونے کی 7 بڑی وجوہات

Why do websites crash? اس سوال کا عام سا جواب یہ درج ذیل وجوہات ہیں:

  • Broken Code
  • Server Error
  • Traffic Spike
  • Expired Domains
  • Wrong Hosting
  • Malicious Attack
  • Update Issue

آئیے اب ان کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہیں۔

1۔ Broken Code

آپ کی ویب سائٹ کوڈنگ کی مدد سے بنتی ہے۔ اور کوڈنگ کی ہی مدد سے آپ جس طرح چاہتے ہیں ویب سائٹ ویسا پرفارم کرتی ہے۔ اگر آپ کوڈ میں کوئی تبدیلی کریں اور اس کے بعد ویب سائٹ کریش کر جائے، تو یقینی طور پر آپ نے کوڈ کو خراب کر لیا ہے جسے broken code کہتے ہیں۔

کوڈ آسانی سے بریک ہو سکتا ہے۔ ایک چھوٹی سے تبدیلی یا چھوٹی سی ٹائپنگ کی غلطی آپ کی ساری ویب سائٹ کو کریش کر سکتی ہے۔ آپ کی ویب سائٹ کے ٹھیک کام کرنے کا انحصار کوڈ کی ایک ایک لائن پر ہوتا ہے۔ لہٰذا ایک ایک لائن کا غلطی سے پاک ہونا بہت ضروری ہے۔ کیوں کہ ایک چھوٹی سی غلطی بھی سب خراب کر سکتی ہے۔

درج ذیل دو طریقوں سے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کی ویب سائٹ کریش ہو گئی ہے:

  • آپ نے خود یا آپ کے ڈیویلپر نے ویب سائٹ کے کوڈ کو اپڈیٹ کیا ہو یا مینٹینینس کا کام سر انجام دیا ہو۔
  • آپ کی ویب سائٹ کے کچھ حصے کوڈ کی لائنز دکھانا شروع کر دیں۔

کوڈ بریک ہونے سے بچنے کے لیے کیا کِیا جائے؟

اپنی ویب سائٹ کے کوڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے نہایت محتاط رہیں۔ اگر آپ کو پوری طرح یقین نہیں کہ آپ کیا کر رہے ہیں، تو بہتر ہے کہ اس کام کے کسی ماہر کی خدمات حاصل کی جائیں۔

کسی staging environment کا استعمال کرنا نہایت بہترین خیال ہے۔ یہ بالکل آپ کی ویب سائٹ کی ایک کاپی ہوتا ہے، اور ٹیسٹنگ کے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے ہوتا ہے جہاں آپ سہولت سے اپنے کوڈ میں تبدیلی کرنے کے بعد اس کے اثرات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

سٹیجنگ environment کا مطلب ہے کہ اگر تبدیلی کے بعد آپ کے کوڈ میں کوئی غلطی نکلتی ہے تو ہم اسے لائیو کرنے سے پہلے ہی پکڑ سکتے ہیں اور وقت پر اسے درست کر سکتے ہیں۔

2۔ Server Error

ہوسٹنگ فراہم کرنے والی کمپنیز آپ کی ویب سائٹ کو سرور (Server) پر ہوسٹ کرتی ہیں۔ اگر یہ سرورز down ہو جائیں تو آپ کی ویب سائٹ بھی ڈاؤن ہو جائے گی۔ اس صورتحال میں زیادہ غصہ دلانے والی بات یہ ہے کہ آپ اس کے بارے میں کچھ کر بھی نہیں سکتے۔

ہر سال ہوسٹنگ فراہم کرنے والی کمپنیز کے سرورز کچھ وقت کے لیے دستیاب نہیں ہوتے، اسے ہم Down Time کہتے ہیں۔ جب سرورز ڈاؤن ہوتے ہیں تو اُتنے وقت کے لیے آپ کی ویب سائٹ بھی ڈاؤن ہو کر دستیاب نہیں رہتی۔ یہ حقیقت کے بالکل خلاف بات ہے کہ آپ کا سرور بالکل بھی ڈاؤن نہ ہو، لیکن اس ڈاؤن ٹائم کےدوران آپ کی ویب سائٹ کم سے کم متاثر ہونی چاہیے۔

یہ پتہ چلانے کے لیے کہ آیا سرورز ہی آپ کی ویب سائٹ کے کریش ہونے کی وجہ بن رہے ہیں، درج ذیل اقدامات کیے جا سکتے ہیں:

  • ہوسٹنگ کمپنی کی ویب سائٹ کے فورمز پر جائیں اور چیک کریں کہ آیا دیگر کلائنٹ بھی وہی شکایت کر رہے ہیں۔
  • اپنی ویب سائٹ پر آنے والے errors کو پڑھیں۔ 502 اور 503 error message یہ ظاہر کرتے ہیں کہ سرور کی طرف سے کوئی مسئلہ ہے۔
  • اپنے سرور کے اپ ٹائم کو چیک کریں۔ اپ ٹائم وہ وقت ہے جس میں آپ کا سرور آنلائن رہتا ہے۔ ایک بہترین سرور کا اپ ٹائم 99.97% سے کم نہیں ہونا چاہیے۔

سرور کی طرف سے ہونے والے مسائل سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟

اگر آپ کے سرور کے بار بار ڈاؤن ہونے کی وجہ سے آپ کی ویب سائٹ بھی ڈاؤن ہو رہی ہے تو بہتر ہے کہ آپ کسی دوسری ہوسٹنگ کا انتظام کریں جس کے سرور کا اپ ٹائم زیادہ بہتر ہو۔

عام طور پر ایک بہترین سرور کا ڈاؤن ٹائم ایک سال میں تین گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوتا، اس لیے کسی ایسے سرور کا انتخاب کریں جس کا اپ ٹائم 99.97% سے کم نہ ہو۔

3۔ Wrong Hosting

صرف خراب اپ ٹائم والے سرورز ہی آپ کی ویب سائٹ کے کریش ہونے کی اکیلی وجہ نہیں ہو سکتے۔ یقینی طور غلط ہوسٹنگ بھی اس کی وجوہات میں سے ایک ہو سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ نے اپنی ہوسٹنگ کی ضروریات ٹھیک سے سمجھے بغیر غلط پلان منتخب کر لیا ہو۔

ہوسٹنگ کی بہت سی اقسام ہوتی ہیں۔ چند اہم اقسام درج ذیل ہیں:

  • Shared Hosting
  • VPS Hosting
  • Cloud Hosting
  • Dedicated Hosting
  • WordPress Hosting

ان تمام ہوسٹنگ کی اقسام میں مختلف پیکج اور پلان ہوتے ہیں۔ اگر آپ نے ایک اچھی ہوسٹنگ کا انتخاب کیا ہے اور آپ پھر بھی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، تو مجوزہ حل یہ ہے کہ آپ نظرِ ثانی کریں کہ آپ نے کونسا پلان منتخب کیا ہے۔

بہت سے لوگ شروع میں Shared Hosting کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس کی وجہ بالکل واضح ہے کیوں کہ جو لوگ پہلی دفعہ ہوسٹنگ کو استعمال کرتے ہیں ان کے لیے یہ آسان ہوتی ہے اور سستی بھی ہوتی ہے۔ تاہم یہ بہت محدود ہے اور اس میں resources کی ضرورت بہت تیزی سے بڑھتی ہے۔

اگر آپ کی ویب سائٹ شیئرڈ ہوسٹنگ پر ہے اور اسے آپ کے منتخب کردہ پلان سے زیادہ resources کی ضرورت ہے تو آپکی سائٹ کریش کر جائے گی۔ جتنی زیادہ بڑی ویب سائٹ ہو گی، جتنی زیادہ ٹریفک آپ کی سائٹ پر آئے، اتنے ہی زیادہ ہوسٹنگ کے وسائل جیسے کہ میموری، bandwidth اور سٹوریج وغیرہ اسے درکار ہوں گے۔

کیسے پتہ چلے گا کہ ویب سائٹ کے کریش ہونے کی وجہ غلط ہوسٹنگ پلان ہے؟

  • اگر آپ نے کچھ عرصے سے اپنے ہوسٹنگ پلان کو اپڈیٹ نہیں کیا تو یہ چیز مسائل کا باعث بن سکتی ہے
  • جب سے آپ نے اپنا پلان منتخب کیا ہے، اس کے بعد سے اگر آپ کی ویب سائٹ سائز میں بڑھ گئی ہے تو یہ بھی کریش کی وجہ ہو سکتی ہے
  • اگر آپ کی سٹوریج اور bandwidth کی limit ختم ہو چکی ہے تو آپ کی سائٹ ہوسٹنگ کی وجہ سے کریش ہو سکتی ہے

ہوسٹنگ کی وجہ سے سائٹ کو کریش ہونے سے کیسے بچایا جا سکتا ہے؟

اس کا سب سے آسان حل یہ ہے کہ اگر آپ کو محسوس ہو کہ آپ نے غلط پلان کا انتخاب کر لیا ہے، تو آپ اس کو اپ گریڈ کر لیں۔

اپنی ویب سائٹ کی ہوسٹنگ ضروریات کا دوبارہ جائزہ لیں اور جانچیں کہ کیا آپ کا منتخب کردہ پلان ابھی بھی آپ کو اتنے وسائل فراہم کر رہا ہے جن کی آپ کو ضرورت ہے؟ یہ اُس وقت اور بھی ضروری ہو جاتا ہے جب آپ نے کافی عرصے سے اپنے پلان کو اپڈیٹ نہ کیا ہو۔

سب سے پہلے اس چیز پر دھیان دیں کہ آپ کی ہوسٹنگ آپ کو ضرورت کے مطابق سٹوریج اور bandwidth دے رہی ہے یا نہیں۔

مجموعی طور پر ہم آپ کو شیئرڈ پلان خریدنے اور اس پر قائم رہنے کا مشورہ نہیں دیں گے، کیوں کہ وہ بہت محدود ہوتا ہے۔ ایک ہی سرور کو دوسری ویب سائٹس بھی شیئر کرتی ہیں، ایسے میں اگر کوئی دوسری ویب سائٹ سرور کے resources کو زیادہ استعمال کرتی ہے تب بھی آپ کی سائٹ کریش کر سکتی ہے۔

دوسری طرف VPS ہوسٹنگ زیادہ مہنگی تو ہو گی لیکن اسکے ساتھ ساتھ زیادہ قابلِ بھروسہ بھی ہے۔

4۔ Update Issue

کسی اپڈیٹ کی وجہ سے ویب سائٹ کریشنگ کے مسائل عام طور پر ورڈپریس اور دیگر CMS (Content Management System) کے ساتھ آتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ورڈپریس اپنے پلیٹ فارم کو بغیر کسی رکاوٹ کے چلانے کے لیے مسلسل اپڈیٹ لاتا رہتا ہے۔ اگر آپ ان اپڈیٹس کو نہیں اپناتے تو آپ کی ویب سائٹ پرانی ہو جائے گی جس سے دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ اس پر اٹیک ہونے کے خطرات بھی بڑھ جائیں گے۔

عام طور پر مسائل وہاں ابھرتے ہیں جب ہم اپنی سائٹ کے کسی ایک حصے کو اپڈیٹ کرتے ہیں، مکمل ویب سائٹ کو نہیں۔ اگر آپ پوری ویب سائٹ کو اپڈیٹ نہیں کرتے تو ممکنہ طور پر آپ کی ویب سائٹ کے مختلف حصوں میں مطابقت یعنی compatibility کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں اور ممکن ہے کہ وہ کام کرنا چھوڑ دیں۔

سو بہتر یہ ہے کہ آپ جب بھی اپڈیٹ کرنے کے فیصلہ کریں، تو اپنی پوری ویب سائٹ کو اپڈیٹ کریں۔

کیسے معلوم کِیا جا سکے کہ آپ کی ویب سائٹ کے کریش ہونے کی وجہ اپڈیٹ کے مسائل ہیں؟

  • سب سے پہلی ممکنہ وجہ آپ کی سائٹ کا ورڈپریس یا کسی دوسرے CMS پر چلنا ہے
  • اگر آپ نے حال ہی میں اپنی ویب سائٹ کے کچھ حصوں کو اپڈیٹ کیا ہو
  • ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ آپ نے لمبے عرصے سے اپنی سائٹ کو اپڈیٹ ہی نہ کیا ہو
  • ممکن ہے آپ کی سائٹ پر آٹومیٹک اپڈیٹ کا آپشن بند ہو
  • آپ کی ویب سائٹ پر پرانے پلگِنز کا ہونا بھی ایک وجہ ہو سکتی ہے

اس مسئلے سے بچنے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے؟

سب سے پہلے آپ کو چاہیے کہ ہمیشہ اپڈیٹ کرنے سے پہلے اپنی ویب سائٹ کا بیک اپ لے کر رکھ لیں۔ بعد میں افسوس کرنے سے بہتر ہے کہ بیک اپ رکھا جائے۔ نئی آنے والی اپڈیٹس پر نظر رکھیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ کی سائٹ جدید ترین ورژن پر چل رہی ہو۔

مثال کے طور پر اگر آپ کی ویب سائٹ ورڈپریس پر ہے تو نظر رکھیں کہ ورڈپریس کا کونسا ورژن جدید ترین ہے، تاکہ اس پر ویب سائٹ کو چلایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک اور مسئلہ جو سامنے آتا ہے وہ یہ ہے کہ اکثر اوقات صارفین صرف ورڈپریس کا ورژن اپڈیٹ کر دیتے ہیں لیکن اپنے تھیمز اور پلگِنز کو اپڈیٹ کرنا بھول جاتے ہیں۔ چند ایک ویب ہوسٹنگ کمپنیز آٹومیٹک تھیمز اور پلگِنز اپڈیٹ کا آپشن فراہم کرتی ہیں، جبکہ زیادہ تر میں یہ سہولت نہیں ہوتی۔

لہٰذا اگر آپ کی ہوسٹنگ آٹومیٹک اپڈیٹ فراہم نہیں کرتی تو یقینی بنائیں کہ جب بھی آپ کو تھیم یا پلگِن کو اپڈیٹ کرنے کے نوٹیفیکیشن ملے تو فوری طور پر اسے اپڈیٹ کریں۔ ورڈپریس میں آپ Dashboard> Update میں جا کر خود اپڈیٹ پرفارم کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کسی ایسے پلگِن کو استعمال کر رہے ہیں جس نے کچھ عرصے سے کوئی اپڈیٹ فراہم نہیں کی، تو بہتر ہے کہ اس کے متبادل کے طور پر کسی ایسے پلگِن کا انتخاب کیا جائے جو زیادہ فعال ہو۔

5۔ Traffic Spike (ٹریفک میں اضافہ)

کسی بھی ویب سائٹ پر ایک خاص حد تک بینڈ وِڈتھ (Bandwidth) ہوتی ہے، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ایک وقت میں آپ کی ویب سائٹ کتنی ٹریفک کو سنبھال سکتی ہے۔ اگر آپ کی ویب سائٹ پر اچانک سے ٹریفک میں اضافہ ہوا ہو اور آپ کی bandwidth کی حد اس قدر resources فراہم کرنے میں ناکام رہے جو اتنی بڑی تعداد میں visitors کو سنبھالنے کے لیے درکار ہے، تو آپ کی سائٹ کریش کر سکتی ہے۔

عام طور پر آپ کی سائٹ کی bandwidth کی حد آپ کے ہوسٹنگ پلان پر منحصر ہوتی ہے۔ جتنا زیادہ اچھا ہوسٹنگ پلان ہو گا، اتنی ہی بہتر bandwidth ہو گی اور اتنے ہی زیادہ visitors آپ کی ویب سائٹ سنبھال سکے گی۔

کیسے معلوم کِیا جائے کہ ٹریفک میں اضافہ سائٹ کریش کی وجہ ہے؟

  • ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آپ نے اپنی ویب سائٹ پر کوئی سیل لگائی ہے، کوئی سپیشل ڈسکاؤنٹ فراہم کِیا ہو یا کوئی خصوصی تقریب منعقد ہونا ہو۔
  • ایک ممکنہ وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آپ کی ویب سائٹ بہت مصروف ہو ( عام طور پر بلیک فرائڈے کی سیلز میں بڑے بڑے سٹورز بھی کریش کر جاتے ہیں)۔
  • آپ کی ویب سائٹ کے اعدادو شمار بھی آپ کو بتا سکتے ہیں کہ کسی بھی خاص دن پر آپ کی سائٹ پر سب سے زیادہ visitors آئے، جس سے سائٹ کریش کر گئی۔
  • بنیادی شیئرڈ پلان بھی اس کی ایک وجہ ہو سکتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ کی سائٹ پر زیادہ visitor آئیں تو سائٹ کریش کر سکتی ہے۔

اس سے بچنے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے؟

اپنا ہوسٹنگ پلان اپ گریڈ کریں

اگر آپ کی ویب سائٹ بڑھ رہی ہے اور بڑھتے ہوئے visitors کی تعداد کو سنبھال نہیں پا رہی، تو یقینی طور پر یہ وقت ہوسٹنگ پلان کو اپ گریڈ کرنے کا ہے۔ جیسے کہ ہم پہلے بات کر چکے ہیں کہ عام طور پر سستے ہوسٹنگ پلان پر بینڈ وِڈتھ کی حد کم ہوتی ہے جس کی وجہ سے ایسے مسائل سامنے آتے ہیں۔

کلاؤڈ ہوسٹنگ کا استعمال کریں

فرض کریں کہ آپ اپنے سٹور پر کوئی سیل لگاتے ہیں یا ڈسکاؤنٹ دیتے ہیں، اور آپ کی ویب سائٹ پر اچانک سے visitors کی تعداد بڑھ جاتی ہے، یہ وہ وقت ہے جب آپ کو کلاؤڈ ہوسٹنگ کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

یہ ایک ایسی ہوسٹنگ ہے جو flexible ہوتی ہے اور ایک سے زیادہ سرورز پر آپ کی ویب سائٹ کو ہوسٹ کرتی ہے تاکہ ایک ہی سرور پر زیادہ لوڈ نہ پڑ سکے۔ کچھ کلاؤڈ ہوسٹنگ فراہم کرنے والی کمپنیز آپ کو سہولت دیتی ہیں کہ آپ کسی بھی بڑی پروموشن کو شروع کرنے سے پہلے اپنے پلان کو اپ گریڈ کرتے ہوئے bandwidth بڑھا لیں۔

CDN (Content Delivery Network) کا استعمال کریں

CDN آپ کی ویب سائٹ کی کاپی کر کے اس کو دنیا بھر میں مختلف سرورز پر رکھوا دیتا ہے، تاکہ دنیا میں کہیں سے بھی کوئی صارف آپ کی ویب سائٹ کو کھولے تو وہ اسے اس کے قریب ترین سرور سے ہی حاصل ہو جائے۔

اس کا مطلب یہ ہو گا کہ آپ کی ویب سائٹ کی لوڈنگ تیز ہو گی اور آپ کے main server کو زیادہ کام نہیں کرنا پڑے گا۔

6۔ Expired Domain

کیا آپ اپنا Domain Name اپڈیٹ کرنا بھول گئے ہیں؟ اگر ایسا ہے، تو آپ کی ویب سائٹ کے ڈاؤن ہونے کی یہ وجہ ہو سکتی ہے۔ Domain Name وہ ایڈریس ہے جس کی مدد سے صارفین آپ کی ویب سائٹ کو تلاش کرتے ہیں۔ ہر ویب سائٹ کی ایک ڈومین ہوتی ہے، جو کہ اگر ایکسپائر ہو جائے، تو آپ کی ویب سائٹ کریش کر جائے گی۔

یا، ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ کی ڈومین کی سیٹنگ میں مسائل ہوں۔ مثال کے طور پر آپ نے اپنی ویب سائٹ کسی نئی ویب سائٹ کی طرف پوائنٹ کرنے کی کوشش کی اور اس میں کچھ غلطی ہو گئی۔

کیسے معلوم ہو کہ ویب سائٹ کے کریش ہونے کی وجہ ڈومین کا ایکسپائر ہونا ہے؟

  • اگر آپ نے اپنی ڈومین کو renew نہیں کیا تو وہ ایکسپائر ہو جائے گی اور سائٹ کریش کر جائے گی
  • اگر آپ نے حال ہی میں اپنی ڈومین کی سیٹنگ کو تبدیل کیا ہے اور سائٹ کریشن کر گئی ہے تو یقینی طور پر یہی وجہ ہو گی کریش کی
  • اگر آپ کسی ویب سائٹ کو access کرنے کی کوشش کریں اور "This site can’t be reached” لکھا آئے تو سمجھ لیں کہ آپ کی سائٹ ڈومین کی وجہ سے کریش کر چکی ہے۔

اس سے بچنے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے؟

اپنی Domain کو renew کریں! یہی سب سے پہلا حل ہے۔ زیادہ بہتر یہ ہے کہ اپنی سائٹ کے لیے Auto Renew کا آپشن آن کر لیں۔ Auto Renew کا فائدہ یہ ہو گا کہ آپ کو خود سے جا کر renew کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور آپ کی ڈومین خودبخود دوبارہ اسی عرصے کے لیے رجسٹر ہو جائے گی۔

ہم یہ بھی تجویز کریں گے کہ آپ اپنے فون یا اپنی ڈائری میں ایک مہینے پہلے کا وقت لکھ کر یاد دہانی کے لیے رکھ لیں۔ اگر آپ اپنی ڈومین کو وقت پر renew نہیں کرتے تو ایکسپائر ہوتے ہی کوئی اور اس ڈومین کو رجسٹر کر سکتاہے۔ جس کا واضح مطلب ہے کہ renew نہ کرنے کی وجہ سے آپ اپنی ڈومین کھو بھی سکتے ہیں۔

7۔ Malicious Attack

یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ دنیا میں بہت سے لوگ کسی بھی ویب سائٹ کو محض معلومات چوری کرنے کے لیے یا صرف اسے ڈاؤن کرنے کے لیے ہیک کر سکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر ہونے والے حملوں کی بہت سی اقسام ہو سکتی ہیں لیکن سب سے عام اٹیک کو Distributed Denial of Service یعنی DDoS کہتے ہیں۔

DDoS ایک ایسا اٹیک ہے جس میں کوئی ہیکر مختلف ذرائع سے آپ کے سرور پر بہت ساری ٹریفک لے آتا ہے، سرور پر بوجھ بڑھتا ہےاور اس کے نتیجے میں آپ کی سائٹ کریش کر جاتی ہے۔

یہ اٹیک ہمیں ایک اور وجہ فراہم کرتے ہیں کہ ہم اچھی ہوسٹنگ خریدیں تاکہ ان حملوں کا مقابلہ ممکن ہو سکے۔ یہ بتانا نہایت مشکل ہوتا ہے کہ آپ کی ویب سائٹ ٹریفک میں اضافے کی وجہ سے کریشن ہوئی ہے یا پھر DDoS اٹیک کی وجہ سے۔

درج ذیل نکات ہمیں بتا سکتے ہیں کہ ویب سائٹ malicious attacks کی وجہ سے کریش ہوئی ہے:

  • اگر آپ کی ویب سائٹ پر اچانک سے ناقابلِ بیان حد تک ٹریفک بڑھ جائے، تو سمجھ لیں کہ سائٹ کسی حملے کے نتیجے میں کریش ہوئی ہے۔ کیوں کہ اتنی زیادہ ٹریفک بغیر کسی وجہ کے نہیں آ سکتی۔
  • اگر ٹریفک میں اضافہ ایک خاص وقت سے زیادہ دیر تک قائم رہتا ہے تو یہ واضح ہے کہ آپ کی ویب سائٹ پر حملہ ہو چکا ہے۔ کیوں کہ اگر ٹریفک میں اضافہ اصلی ہو تو وہ صرف مختصر وقت تک رہتا ہے۔

ان حملوں سے بچنے کے لیے کیا کِیا جائے؟

یہاں بھی سب سے پہلی چیز جو ہم تجویز کریں گے وہ اچھی اور محفوظ ہوسٹنگ ہے۔ آپ کی سائٹ کو محفوظ بنانے کے لیے یہ سب سے بہترین طریقوں میں سے ایک ہے۔ اچھی سکیورٹی وای ہوسٹنگ میں درج ذیل خصوصیات ہوتی ہیں:

  • DDoS اٹیک سے زیادہ بہتر تحفظ
  • فائر والز
  • وائرس کے لیے سکیننگ اور انہیں ختم کرنا
  • Brute Force اٹیک سے تحفظ
  • Server Hardening
  • ہر وقت سکیورٹی کی مانیٹرنگ
  • Two-Factor authentication

عام طور پر DDoS اٹیک آٹومیٹک ہوتے ہیں اور جس بلا ترتیب کسی بھی ویب سائٹ پر اٹیک کیا جا سکتا ہے۔ حملہ ہونے کے بعد آپ زیادہ کچھ کر نہیں سکتے، جس کا مطلب ہے کہ آپ کو شروع ہی سے اچھی اور محفوظ ہوسٹنگ کی ضرورت ہے۔

خلاصہ

اب آپ جان چکے ہیں کہ ویب سائٹس کیوں کریش ہوتی ہیں۔ اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ آپ نے کریش ہونے کی علامات بھی جان لی ہیں اور کریش سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کو بھی بخوبی سمجھ لیا ہے۔

اگر آپ کی ویب سائٹ کریش ہو جائے تو یہ پریشان کن تو ہے لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ آپ اکیلے نہیں جس کے ساتھ یہ ہوا۔ ایمازون جیسی بڑی ویب سائٹس کو بھی بعض اوقات ایسے مسائل کا سامنا رہا ہے۔

آپ اپنی ڈومین کو renew کرنا تو یاد رکھ سکتے ہیں، لیکن DDoS جیسے حملوں سے بچنا اتنا آسان نہیں ہوتا کیوں کہ ہم نہیں جانتے کہ کہاں سے اٹیک ہو سکتا ہے۔ اس لیے ایسے مسائل سے بچنے کے لیے پہلے سے تیاری بھی اتنی آسان نہیں رہتی۔

مزید پڑھیں:

ورڈپریس ویب سائٹ کی پرفارمنس بہتر کرنے کے 7 بہترین طریقے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے