اردو سٹیم اس سے قبل فری لانسنگ کے مختلف پلیٹ فارمز کے بارے میں لکھ چکا ہے۔ ہم نے اس سے قبل فائیور اور اپ ورک جیسے پلیٹ فارمز پر مکمل سیریز پبلش کر رکھی ہیں۔ آج ہم آپ کو متعارف کروائں گے Freelancer platform سے جو کہ مشہور فری لانسنگ مارکیٹ پلیس میں سے ایک ہے. تو آئیے دیکھتے ہیں یہ کیا ہے اور کس طرح کام کرتا ہے۔

Freelancer کیا ہے؟

فری لانسر، جسے Freelancer.com کہا جاتا ہے، ایک آنلائن جابز کی مارکیٹ پلیس ہے جو دنیا بھر کے فری لانسرز اور کلائنٹس کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں وہ اپنے مشترکہ مفاد کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔

وہ لوگ یا کمپنیز جن کو اپنے پراجیکٹس کو مکمل کرنے کے لیے ہنر مند افراد کی ضرورت ہوتی ہے، وہ اس پلیٹ فارم پر آ کر اپنے پروجیکٹس کو پوسٹ کرتے ہیں۔ اس کے بعد اس پلیٹ فارم پر موجود فری لانسرز اس project کی قیمت طے کرنے کےلیے اپنی bid یعنی کے بولی لگاتے ہیں۔

کسی کلائنٹ یا سروس کے خریدار کے لیے، فری لانسر ایسے ہزاروں ہنر مند contractors تک رسائی دیتا ہے، جن کے لیے آپ کو جاب کے لیے اشتہار لگانے، contractor کو کام کرنے کی جگہ اور انشورنس جیسی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

جب کہ دوسری طرف، ایک فری لانسر یا service provider کے لیے freelancer.com کا پلیٹ فارم تسلسل کے ساتھ مستقل یا پارٹ ٹائم جابز کے مواقع فراہم کرتا رہتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو اپنی یا اپنی سروسز کی تشہیر پر پیسے بھی نہیں خرچ کرنے پڑتے۔

Freelancer.com کیسے کام کرتا ہے؟

رجسٹر ہوئے بغیر آپ اس پلیٹ فارم پر صرف پراجیکٹس کو دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ کوئی پراجیکٹ پوسٹ کرنا چاہتے ہیں یا کسی پراجیکٹ کے لیے biding کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو ایک اکاؤنٹ کی ضرورت ہو گی۔

سو آئیے دیکھتے ہیں کہ کس طرح ہم Freelancer Platform پر اپنا اکاؤنٹ بنا کر آنلائن کام کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Freelancer Platform پر سائن اپ کرنے کا طریقہ

فری لانسر پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں:

  • ایک مختصر سا رجسٹریشن فارم فِل کریں۔ سائن اپ پیج پر جا کر آپ کو اپنے لیے ایک username کا انتخاب کرنا ہو گا جس سے آپ اس پلیٹ فارم پر جانے جائیں گے۔ آپ کو اپنی درست ای میل بھی لکھنا ہو گی۔ اس کے بعد Terms & Conditions کو پڑھنے کی تصدیق کرنا ہو گی۔ آپ سے کوئی ذاتی معلومات نہیں پوچھی جائے گی۔
  • اپنے ای میل ایڈریس کی تصدیق کریں۔ جب رجسٹریشن فارم submit کر یں گے تو آپ کے فراہم کردہ ای میل ایڈریس پر ایک تصدیقی کوڈ اور لِنک پر مشتمل پیغام بھیجا جائے گا۔ اپنے اکاؤنٹ کو ایکٹیویٹ کرنے کے لیے آپ کو اس پیغام میں موجود ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تصدیقی کوڈ فراہم کریں۔
  • اپنی پروفائل بنائیں۔ اپنے اور اپنے کاروبار کے بارے میں کچھ معلومات فراہم کریں۔ یہ تمام معلومات آپ کے پروفائل پیج پر سٹور کی جائے گی جو کہ دوسرے صارفین بھی دیکھ سکیں گے۔ کسی بھی قسم کی ذاتی یا رابطے کی معلومات شیئر نہ کی جائیں۔

فری لانسر پر پروجیکٹس کے بارے میں معلومات

اس پلیٹ فارم پر پروجیکٹس پوسٹ کرنے کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے۔ رجسٹرڈ صارفین اس پلیٹ فارم پر پراجیکٹ کی تفصیل، اس کو پورا کرنے کے لیے ضروری skills, اور بجٹ کی رقم کے ساتھ پوسٹ کرتے ہیں۔ فری لانسرز Posted Projects کے پیج پر جا کر اپنی سکِل اور دلچسپی کے مطابق کسی بھی پراجیکٹ کو سرچ کر سکتے ہیں۔

پراجیکٹ کی مکمل تفصیلات کو پڑھنے کے بعد، فری لانسرز اس پراجیکٹ کے لیے منساب لاگت کا تعین کرتے ہوئے bid کرتے ہیں، اور اپنے گزشتہ پروجیکٹس کے نمونے (Samples) بھی Portfolio پیج پر اپلوڈ کرتے ہیں تاکہ کلائنٹ انہیں چیک کر سکے۔

اس کے بعد کلائنٹ تمام bids اور ان کے ساتھ کام کے samples کو چیک کرتا ہے، سب bidders کا موازنہ کرتا ہے اور اپنی مرضی کے مطابق ایک یا ایک سے زیادہ فری لانسرز کو وہ پروجیکٹ تفویض (assign) کر دیتا ہے۔

فری لانسر پلیٹ فارم پراجیکٹس کی درست اور مکمل تفصیلات فراہم کرنے والے کلائنٹس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ Freelancer Platform کا پراجیکٹ بِڈِنگ اور پوسٹنگ سسٹم اس طرح سے بنایا گیا ہے کہ سروس خریدنے اور بیچنے والوں کے لیے زیادہ سے زیادہ کامیابی کے یکساں مواقع موجود ہوں۔

Freelancer Platform پر اکاؤنٹس کی معلومات

فری لانسر پلیٹ فارم کے تمام رجسٹرڈ صارفین کو آنلائن فنڈز ٹرانسفر کرنے اور ادائیگیاں کرنے کے لیے ایک مفت آنلائن اکاؤنٹ دیا جاتا ہے۔ فنڈز دوسرے صارفین کی جانب سے Projects/ Contests کے ذریعے یا ادائیگی کے مختلف ذرائع جیسے کہ صارف کے کریڈٹ کارڈ، آن لائن اکاؤنٹس (PayPal یا Skrill) یا بینک ٹرانسفر سے براہ راست ادائیگی کے طور پر شامل کیے جا سکتے ہیں۔

ایک فری لانسر اپنے Freelancer.com اکاؤنٹ سے ایکسپریس Withdrawal/ Payouts، وائر Withdrawal/ Payouts، یا آن لائن اکاؤنٹ (PayPal یا Skrill) کے ذریعے ادائیگیوں کی درخواست کر سکتا ہے۔ ایک اضافی ڈیبٹ کارڈ بھی دستیاب ہے جو صارفین کو ان کے اکاؤنٹس میں موجود فنڈز تک فوری رسائی فراہم کرتا ہے۔

رقم نکلوانے کی درخواستوں پر عمل درآمد ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔ پروسیسنگ کے اخراجات کو متوازن رکھنے کے لیے کچھ فیس رقم منتقلی پر لاگو ہو سکتی ہے، جو کہ منتقلی کے عمل کے شروع ہوتے ہی کاٹ لی جاتی ہے۔

Membership, Project Acceptance, اور Exam وغیرہ پر قابلِ ادائیگی فیس بھی لاگو ہوتے ہی کاٹ لی جاتی ہے۔

ادائیگیوں کی معلومات

کلائنٹس فری لانسر کو ادائیگی کرنے کے لیے اپنے اکاؤنٹ سے فری لانسر کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر سکتے ہیں۔ یہ invoices, فنڈز ٹرانسفر یا Milestone Payments (ایسی رقم جس کو کلائنٹ اور فری لانسر پراجیکٹ کے مختلف حصوں کی تکمیل پر ادا کرنے کے پابند ہوتے ہیں) کےذریعے کیا جا سکتا ہے۔

  • فنڈز Milestone Payment کے سسٹم میں شامل کیے جاسکتے ہیں اور پروجیکٹ کے اندر پہلے سے طے شدہ milestone تک پہنچنے پر جاری کیے جاسکتے ہیں۔ کلائنٹس پر پیشگی ادائیگی فراہم کرنے کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے اور انہیں صرف بھروسہ مند فری لانسرز کے ساتھ کام کرنے پر غور کرنا چاہئے۔ کیونکہ جاری کردہ ادائیگیاں صرف فری لانسر کی رضامندی پر واپس کی جا سکتی ہیں۔
  • قلیل مدتی پراجیکٹس کی ادائیگی بھی Milestone Payments کے ذریعے کی جاسکتی ہے تاکہ فری لانسر کو یہ یقین دلایا جا سکے کہ پراجیکٹ کے لیے فنڈز موجود ہیں۔ اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کلائنٹ کو بااختیار بنایا جا سکے کہ وہ فنڈز صرف اس صورت میں جاری کرے جب پراجیکٹ اس کی خواہش کے مطابق مکمل ہو جائے۔
  • فری لانسر پلیٹ فارم کا ریٹنگ اور فیڈ بیک سسٹم صرف ان پروجیکٹس کے لے دستیاب ہوتا ہے جن کی ادائیگی freelancer.com کے تحت کی جائے۔

Freelancer Platform کا فیڈ بیک اور ریٹنگ کا سسٹم

جب کوئی ایسا پروجیکٹ مکمل ہوتا ہے جس کی ادائیگی freelancer.com کے payment system کی جاتی ہے تو اس کے لیے فیڈ بیک اور ریٹنگ کا سسٹم ایکٹیویٹ ہو جاتا ہے۔ اس سے کلائنٹ اور فری لانسر دونوں کو ایک دوسرے کے بارے میں فیڈ بیک دینے اور اپنی رائے کا اظہار کرنے کا موقع ملتا ہے۔

ریٹنگ سسٹم کے لیے کمینٹ سیکشن اور ایک سادہ five star والا سسٹم استعمال ہوتا ہے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے، اراکین دوسرے فریق کے تبصروں کا جواب بھی پوسٹ کر سکتے ہیں۔

کسی بھی فری لانسر کی مجموعی اور کسی انفرادی پروجیکٹ پر اس کی ریٹنگ اور فیڈ بیک اس کی پروفائل کے پیج پر دکھائے جاتے ہیں تاکہ کسی بھی کلائنٹ کو اس فری لانسر کے ساتھ کام کرنے سے قبل اس کی صلاحیتوں کا اندازہ ہو سکے۔

فیڈ بیک اور ریٹنگ کا سسٹم کلائنٹس اور فری لانسرز دونوں کے لیے اپنی کارکردگی اور شہرت کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ پوری Freelancer.com کمیونٹی کو ممکنہ دھوکہ اور غیر اطمینان بخش کاروباری لین دین کے خلاف اضافی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

خلاصہ

Freelancer Platform دنیا بھر میں فری لانسرز اور کلائنٹس کے درمیان تعاون کے لیے ایک محفوظ، سادہ، اور سستا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے کام کرنے کا طریقہ نہایت سادہ اور آسان فہم ہے جس میں کلائنٹس اور فری لانسرز کے لیے یکساں مواقع موجود ہیں۔

فری لانسر پلیٹ فارم کلائنٹس اور فری لانسرز کو اس پیلٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ادائیگیاں کرنے اور ان کو وصول کرنے کے لیے بھی محفوظ طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ ایک کلائنٹ ہیں یا فری لانسر ہیں، تو freelancer.com پر سائن اپ کریں اور اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائیں۔

مزید پڑھیں:

فائیور کا تعارف اور اس کے کام کرنے کا طریقہ

Upwork کیا ہے؟ یہ کس طرح کام کرتا ہے؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے